پاکستانی قوم نے مشکل کی ہر گھڑی میں نہ صرف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کی ہے, وزیرِاعظم عمران خان

205

اسلام آباد , 6 مئی (اے پی پی): وزیرِاعظم عمران خان نے آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کورونا سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہم کرنے کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ریلیف سرگرمیوں میں فلاحی اداروں اور مخیر حضرات کی بھرپور شرکت نہایت حوصلہ افزاءہے، پاکستانی قوم نے مشکل کی ہر گھڑی میں نہ صرف ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا بلکہ انسانیت کی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر اپنے ہم وطنوں کی بھرپور مدد کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگلت بلتستان علی امین خان گنڈاپور سے گفتگو کرتے ہوئے کیا, چئیرمین کشمیر آرفن ریلیف ٹرسٹ چوہدری محمد اختر نے وزیراعظم کو بتایا کہ کورٹ کی جانب سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ غریب اور مستحق افراد کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے اب تک 20 ہزار خاندانوں کو راشن و خوراک فراہم کی جا چکی ہے، اس تعداد کو مزید دگنا کیا جائے گا۔ اسی طرح روپانی فاوندیشن کی جانب سے گلگت بلتستان میں 20 ہزار خاندانوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے اور ان سرگرمیوں کا دائرہ کار بڑھایا جا رہا ہے۔ عاطف خان نے وزیر اعظم کو امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ میں عطیات و دیگر ریلیف سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر برائے امورِکشمیر و گلگت بلتستان نے وزیرِاعظم کو آزاد کشمیر و گلگت بلتستان میں کورونا ریلیف کے حوالے سے مختلف سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیرِاعظم نے کورٹ اور روپانی فاونڈیشن کی خدمات کو سراہا۔

اے پی پی / ڈیسک /ریحانہ