پشاور: اشرف روڈ پر دھماکہ، 2 ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 5افراد زخمی

229

پشاور، 11مئی(اے پی پی): پشاور کے مصروف بازار اشرف روڈ پر پیر کی صبح بم دھماکہ ہوا جسکے نتیجے میں دو ٹریفک پولیس اہلکاروں سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق نامعلوم تخریب کاروں نے روڈ کنارے دیسی ساخت کا بم نصب کیا تھا جو دھماکے سے پھٹ گیا جسکے باعث 5افراد زخمی ہوگئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ زخمیوں میں 2 ٹریفک اہلکار، 2 راہگیر اور ایک دکاندار شامل ہیں جنھیں ریسکیو اور پولیس اہلکاروں نے ایل آر ایچ منتقل کردیا ہے۔

ریسکیو1122 کے مطابق تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ دھماکے کے 3 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعد ہسپتالوں سے فارغ کر دیا گیا جبکہ دو افراد کا علاج معالجہ ہسپتال میں کچھ دیر جاری رہا۔ تاہم ہسپتال ترجمان کے مطابق اس وقت دھماکے کے تمام زخمیوں کو ہسپتال سے ڈسچارج کیا جاچکا ہے۔

اے پی پی/صائمہ حیات/قرۃالعین