پشاور، 19مئی(اے پی پی): وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے منگل کے روز پشاور کینٹ ریلوے اسٹیشن کا دورہ کیا اور ریلوے کی بحالی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل سے 30 ٹرینیں چلانے جا رہے ہیں جس میں سے تین ٹرینیں کل سے پشاور سے چلیں گی۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ عوام ایکسپریس کل صبح 8:30 پر روانہ ہو گی۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساٹھ فیصد مسافر ٹرین میں سفر کر سکیں گے اور 31 مئی تک 30 ٹرینیں چلیں گی ۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ٹکٹ کی قیمت میں کوئی کمی نہیں کی گئی۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے منہ سے غلطی سے 24 کروڑ لوگ نکل گیا لیکن خوشی ہے لوگ میری غلطی سے بھی محبت کرتے ہیں۔ شہباز شریف کے سوال پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے بڑی دھواں دھار تقریر کی اور باہر نہ جانے کا کہا ہے۔ لیکن شہباز شریف کو باہر کوئی نہیں جانے دے گا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت کو کوئی چیلنج نہیں، عمران خان پانچ سالہ دور اقتدار پورا کریں گے۔ وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ وہ وقت گزر گیا کہ لوگ اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کرتے تھے۔
صائمہ حیات،فاروق











