آسان قسطوں پر رہائش فراہم کرنے  کیلئے  فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائزہاﺅسنگ اتھارٹی اور بلوچستان حکومت کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط

158

کوئٹہ ،30جون ( اے پی پی ):وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق سرکاری ملازمین اور شہریوں کو کوئٹہ اور گوادر میں آسان قسطوں پر رہائش فراہم کرنے کے لیے فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائزہاﺅسنگ اتھارٹی اور بلوچستان حکومت کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط کردئیے گئے ہیں ۔

منگل کو سول سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ہونے والی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی وسیم حیات باجوہ اور بلوچستان حکومت کے سیکرٹری اربن پلاننگ وترقیات خلیق نذرکیانی نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے،اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر)فضیل اصغر ،سیکرٹری پلاننگ وڈویلپمنٹ عبداللہ خان نورزئی ،سیکرٹری قانون ڈاکٹر اکبر حریفال سمیت وزارت ہاﺅسنگ کے عہدیدارن بھی موجود تھے۔

ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی وسیم حیات باجوہ نے کہا کہ ہاﺅسنگ اسکیم میں بلوچستان کے ملازمین کا کوٹہ 60فیصد ،وفاقی حکومت کے آفیسران کا 15فیصد کوٹہ اور 25فیصد کوٹہ عام شہریوں کے لیے رہائشی مکانات ،فلیٹس میں رکھا گیا ہے ،غیر ملکی سرمایہ کار ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہاﺅسنگ اسکیموں کی ڈاﺅن پیمنٹ صرف 10فیصد رکھی گئی ہے اوروفاقی وزیرہاﺅسنگ اینڈ ورکس طارق بشیر چیمہ کے کی ہدایت کے مطابق 2سے 3سال کے اندر صوبائی حکومت کے تعاون سے ہم گوادر اور کوئٹہ میں رہائشی منصوبے مکمل کرینگے۔

چیف سیکرٹری بلوچستان کیپٹن (ر)فضیل اصغر نے وفاقی حکومت اور وزارت ہاﺅسنگ کے عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاﺅسنگ اتھارٹی کے ساتھ ملکر رہائشی پروجیکٹس کی جلد تکمیل کےلئے اپنا کلیدی کردار ادا کریگی تاکہ وزیراعظم عمران خان کے گائیڈ لائن کی روشنی میں اس منصوبے سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کو رہائش کے لیے گھر فراہم کئے جاسکے۔

وی  این ایس،  کوئٹہ