چیئر مین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا پاکستان نیوی وار کالج کا دورہ

120

اسلام آباد ، 30 جون (اے پی پی ): چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضانے  منگل   کو پاکستان نیوی وار کالج کا دورہ کیا  ،پاکستان نیوی وار کالج میں نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بدلتی ہوئی عالمی صورتحال اور جنوبی ایشیا سے متعلق قومی سیکیورٹی چیلنجز پر روشنی ڈالی۔انھوں نے طاقت کے مقابلے اور بھارت کے غاصبانہ عزائم کے باعث خطے کی غیر مستحکم ہوتی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اکیسویں صدی کی جنگ اب ہائبرڈ وارفیئر یا گرے زون وار فیئر میں تبدیل ہو چکی ہے جس میں بغاوت، دہشت گردی اور بے قاعدہ جنگ شامل ہیں۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے کہا کہ پاک بحریہ کا قابل فخر ماضی بہادری اور قربانیوں کا غماز ہے۔ ایک جدید فوج کے طور پر پاک بحریہ ہمیشہ ملکی سرحدوں کی حفاظت کی قومی خواہشات پر پوری اتری ہے۔

خطاب کے اختتام پرسوال و جواب کا سیشن بھی منعقد ہوا۔ قبل ازیں، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی کالج آمد پر کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج ریئر ایڈمرل محمد زبیر شفیق نے ان کا ستقبال کیا۔ معزز مہمان نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

وی این ایس ، اسلام آباد

­­