انصاف کی جلد فراہمی کیلئے عدالتی نظام کو ڈیجیٹل بنا رہے ہیں؛چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ

147

ملتان،06 ملتان(اے پی پی):چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا ہے کہ انصاف کی جلد فراہمی کے لیے ہم عدالتی نظام کو ڈیجیٹل بنا رہے ہیں،اس نئے سسٹم میں وکلاء اور ججز ویڈیو لنک سے رابطے میں ہوں گے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار  ملتان، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان کے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ عدالتوں کے اس جدید ای سسٹم میں وکیل ایک سافٹ کاپی جمع کروائے گا اور وکیل کے رجسٹرڈ موبائل نمبر اور ای میل ایڈریس پر مزید خط و کتابت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس جدید نظام میں وقت لگے گا جس کا مقصد تمام نظام میں شفافیت لانا ہے،ہماری سب سے بڑی ترجیح زیر التواء مقدمات کو نمٹانا ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہماری ہدایت پر ہر ضلع کی ڈسٹرکٹ بار کو 60 لاکھ اور ہائیکورٹ بار کو75 لاکھ روپے دئیے ہیں تاکہ کورونا کے متاثر ہونے والے غریب اور مستحق وکلاء میں تقسیم کئے جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ غریب اور مستحق وکلاء میں ان رقوم کی تقسیم 8 جون بروز پیر سے شروع کر دی جائے گی، یہ رقوم بارز کے عہدیداران کے حوالے کی گئی ہیں تاکہ ان کی تقسیم میں شفافیت لائی جا سکے۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد قاسم خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث عدالتیں کم افراد کی حاضری کو یقینی بنائیں،ہر کیس میں صرف وکیل پیش ہوں،مدعیوں اور گواہوں کو آنے کی ضرورت نہیں،انہیں وقت ضرورت بلایا جائے،ہم وکیل کے ذریعے تمام معاملات طے کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں عام لوگوں اور پولیس اہلکاروں کا داخلہ ممنوع ہو گا۔وکلاء بھی تعاون کریں، ہم نے کورونا وائرس سے لڑنا ہے اور یہ ہمارے ساتھ ہی رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہماری ترجیح ہے کہ انصاف کی فراہمی میں رکاوٹیں دور کی جائیں اور انصاف فراہی کا عمل تیز ترین ہو۔اس سارے اقدامات کے ساتھ ساتھ ہمیں پرانے کیسز پر بھی توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔تمام ججز سائلین کو جلد سے جلد انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں۔

اس موقع پر سینئر رجسٹرار بہادر علی خان اور ایڈیشنل رجسٹرار محمد یار ولانہ بھی موجود تھے۔

وی این ایس، ملتان