چین کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، چین اپنے علاقے کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کیلئے پرعزم ہے:معروف چینی سکالر چینگ کا ورچوئل سیمینار سے خطاب

147

اسلام آباد ۔ 5 جون (اے پی پی): معروف چینی سکالر چینگ نے کہا ہے کہ چین کسی بھی بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گا، چین اپنے علاقے کے ایک ایک انچ کا دفاع کرنے کیلئے پرعزم ہے، بھارت اس وقت کسی بھی مسلح تصادم کا متحمل نہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد انسٹی ٹیوٹ آف کنفلکٹ ریزلوشن (آئی آئی سی آر) اور چینی لاءفرم ذواو کے اشتراک سے بھارتی بدنیتی اور علاقائی امن کے موضوع پر ورچوئل سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ پینلسٹس میں پاکستان میں چینی کسی فرم کے بانی چنگ ڈی یونگ، چینی سکالرپروفیسر چاوؤ رونگ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) امجد شعیب ، یاسر رحمان ، سینئر ٹی وی اینکر پی ٹی وی ، میجر جنرل رضا محمد چیئرمین آئی آئی سی آر سیّد ناصر حسن ریسرچ فیلو آئی آئی سی آر شامل تھے۔ چینی سکالر چینگ نے کہا کہ چین بھارت کی کسی بھی جارحیت منہ توڑ جواب دیگا۔ چین تبدیل ہو کر اب ایک مظبوط قوت بن چکا ہے۔ شاٹ گن تیار ہے لیکن اس پر قابو پایا جا سکتا ہے ہے۔ پروفیسر رنگ نے کہا کہ چین اپنے علاقے کے ہر انچ کا دفاع کرنے کےلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت اس وقت کسی بھی مسلح تصادم کا متحمل نہیں ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ر) شعیب نے کہا کہ ہندوتوا کے مبلغین کی زیر قیادت بھارتی حکومت نے علاقائی استحکام کو داؤپر لگا رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی اپنے انتہاءپسندانہ اور نسل پرستانہ نظریات کے ساتھ خودکشی کے مشن پر ہیں۔ میجر جنرل رضا محمد نے نشاندہی کی کہ مودی کو اس بات کی پرواہ نہیں ہے کہ اس ہندوتوا نظریات کا ہندوستانی معاشرے پر کیا اثرات ہوں گے، وہ مسلمانوں کے خلاف ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی نے سیکولر ہندوستان کے تصور کو ختم کر دیا ہے، اب بھارت ایک ہندو ریاست بن کر رہ گیا ہے۔ یاسر رحمان نے کہا کہ کوویڈ۔19 کی موجودگی میں بھارتی قابض فورسز کشمیر کے مسلمانوں کو بھیانک تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو کشمیر کا مسئلہ ہر بین الاقوامی، قانونی اور سفارتی فورمز پر مسلسل اجاگر کرنا چاہئے۔

وی این ایس، اسلام آباد