کراچی ،21 جون (اے پی پی ): جامعہ بنوریہ عالمیہ کے مہتمم اور شیخ الحدیث مفتی محمد نعیم کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، نماز جنازہ جامعہ بنوریہ عالمیہ سے متصل سڑک پر ادا کی گئی ، نماز جنازہ مفتی تقی عثمانی نے پڑھائی ۔ مفتی نعیم کو جامعہ بنوریہ عالمیہ سے متصل قبرستان میں والد کے پہلو میں سپرد خاک کیا گیا۔
نماز جنازہ میں شریک سیاسی و سماجی شخصیات کا کہنا تھا کہ مفتی نعیم نے ساری زندگی دین کی خدمت میں گزاری، اللہ ان کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے ۔
اس موقع پر حافظ نعیم الرحمن اور قاری عثمان نے کہا مفتی نعیم نے اپنی پوری زندگی دین کے لئے وقف کردی تھی ، معاملہ مذہبی ہو یا سیاسی ہر موقع پر ان کی خدمات نظر آتی رہی ۔
نماز جنازہ میں سماجی اور سیاسی شخصیات سمیت ڈاکٹر فاروق ستار، حافظ نعیم الرحمن ،قاری عثمان، معراج الہدی صدیقی، قاری حنیف جالندھری ، تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی اور ہزاروں افراد نے شرکت کی ۔
وی این ایس ، کراچی











