پشاور، 18جون(اے پی پی): خیبر پختونخوا اسمبلی میں کل بروز جمعہ ہونے والے بجٹ اجلاس کے لیے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور اسمبلی ہال میں ریسکیو 1122 کی جانب سے جراثیم کش سپرے بھی کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 ڈاکٹر خطیر احمد نے صوبائی حکومت کے احکامات پر مالی سال 2020-2021 کے بجٹ سیشن سے قبل خیبر پختونخوا صوبائی اسمبلی کے بیرونی و اندرونی حصوں میں جراثیم کش سپرے کا عمل مکمل کروایا۔ ریسکیو1122 کی جانب سے فائر ویکل، سوزوکی اور ہینڈ کیری کا استعمال کیا گیا جس میں کلورین اور دیگر جراثیم کش کیمیکلز کی مدد سے سپرے کیا گیا۔
ڈاکٹر خطیر احمد نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی خصوصی ٹیم صوبائی اسمبلی کے سیشن میں شرکت کرنے والے سٹاف، صوبائی وزراء اور اسمبلی اراکین کا تھرمل گن سے ٹمپریچر چیک کرنے کے لیے تعینات کیے جائیں گے جبکہ رواں اسمبلی کے سیشن کے دوران روزانہ کی بنیاد پر اسمبلی ہال اور اراکین کی نشستوں پربھی جراثیم کش سپرے کا عمل جاری رہے گا۔
وی این ایس ، پشاور











