سعودی عرب کی “یمن امدادی کانفرنس” میں 66 ممالک کی شرکت، یمن کیلئے امدادی پیکج کا اعلان

719

 

ریاض، 03 جون (اے پی پی ):سعودی عرب کی جانب سے  یمن کے لیے پہلی آن لائن امدادی کانفرنس ریاض میں منعقد ہوئی،جس میں66 ممالک شریک ہوئے، اقوام متحدہ کے اشتراک سے منعقدہ کانفرنس میں مُختلف ممالک کی جانب سے یمن کے انسانی حالات بہتر بنانے کے لیے امدادی پیکج کا اعلان کیا گیا۔

 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے اعلان کیا کہ سعودی عرب یمن کی مدد کے لیے 500 ملین ڈالر عطیہ کرے گا۔  انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب پہلے بھی یمن کو 17 ارب ڈالر کی مدد دے چکا ہے۔ سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب، یمن  مسئلہ   کے میں جامع حل کےلیے اقوام متحدہ کی کاوشوں کا ساتھ دیتا رہا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔

کانفرنس میں شریک ناروے نے 175 ملین یورو، ہالینڈ نے 15 ملین یورو، سویڈن نے 30 ملین ڈالر اور برطانیہ نے 160 ملین سٹرلنگ پونڈ دینے کا اعلان کیا جبکہ  یورپی یونین نے 71 ملین یورو تک کی امداد کا کہا۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے کانفرنس سے افتتاحی خطاب میں کہا کہ 24 ملین یمنی باشندوں کو مدد کی اشد ضرورت ہے، خود یمن کے اندر چالیس لاکھ افراد اپنے شہروں، قصبوں اور بستیوں سے دیگر علاقوں میں نقل مکانی کیے ہوئے ہیں۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یمن میں قیام امن کی ضرورت پر زور دیتے ہوۓ  کانفرنس میں شریک ممالک سے اپیل کی کہ وہ یمن میں انسانی بحران سے نمٹنے کے لیے امداد دیں۔