شجاع آباد؛عوامی سہولیات  کی  دہلیز پر فراہم، پولیس خدمت مرکز وین کو دور دراز کے علاقوں میں بھیجنے کا آغاز کردیا گیا

147

شجاع آباد (ملتان)، 29جون )اے پی پی ): ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان کی ہدایت پر عوام کو پولیس سے متعلق سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے پولیس خدمت مرکز وین کو دور دراز کے علاقوں میں بھیجنے کا آغاز کردیا گیا ہے۔

آر پی او کی ہدایت پر پولیس خدمت مرکز وین شجاع آباد میں عوام کے مقدمات کا اندراج ،کیریکٹر سرٹیفکیٹ کی فراہمی سمیت 14 سہولیات فراہم کی  جا رہی  ہیں۔پولیس موبائل خدمت مرکز میں میں جدید آن لائن سسٹم کے تحت پولیس سسٹم سے منسلک 14 سروسز کو موقع پر فراہم کیا جارہا ہے ۔جس میں ڈرائیونگ لائسنس،لرنر پرمٹ اور ملزمان کے کریمنل ریکارڈ سمیت مختلف سہولیات بلامعاوضہ فراہم کی جارہی ہیں۔

آر پی او کے حکم پر ملتان ریجن کے چاروں اضلاع میں پولیس خدمت مرکز گاڑیاں روزانہ کی بنیاد پر پٹرولنگ کررہی ہیں تاکہ عوام کو تھانہ کچہریوں کے بجائے انکی دہلیز پر سروسز دی جاسکیں۔عوام کی جانب سے پولیس کی اس سروس کو بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔

 پولیس ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب کے وژن کے تحت موبائل خدمت مراکز کا دائرہ کار مزید بڑھانے پر بھی کام تیزی سے جاری و ساری ہے۔

وی این ایس، شجاع آباد