ملتان ، 20جون(اے پی پی):این ڈی ایم اے کی طرف سے مون سون بارشوں اورفلڈکے خدشہ کی وارننگ جاری ہونے پرضلعی انتظامیہ ملتان نے فلڈخطرہ سے نمٹنے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھاناشروع کردیئے ۔ڈپٹی کمشنر ملتان عامرخٹک نے پاک فوج کے افسران اورایکسیئن انہاراورمتعلقہ دیگرمحکموں کے افسران کے ہمراہ فلڈبندوں کی انسپکیشن کے لئے دریائے چناب کے کنارے واقع مختلف علاقوں کادورہ کیا۔ضلعی انتظامیہ نے سیلاب آنے کی صورت میں اکبرفلڈبند،ریلوے فلڈبندشیرشاہ ،ناگنی فلڈبندشجاعباداورجلالپورپیروالاکے فلڈبندکادورہ کرتے ہوئے سیلاب آنے کی صورت میں اس سے نمٹنے کے لئے مربوط حکمت عملی جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ملتان عامرخٹک نے مقامی لوگوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ روایتی تیاریوں کے علاوہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کو بھی مدنظررکھ رہی ہے ۔فلڈآنے کی صورت میں پیشگی تیاریوں کی مکمل پریکٹس کرلی گئی ہے تاہم ابھی فلڈآنے کاکوئی خطرہ نہیں ہے ۔انہوں نے کہاکہ فلڈسے نمٹنے والے متعلقہ محکموں کے تمام ترآلات کی جانچ پڑتال تھرڈ پارٹی سے کرائی جارہی ہے جبکہ ریسکیو اورریلیف کاپلان بھی تیارکرلیاگیاہے ۔
ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ متوقع سیلاب سے متاثرہونے والے مواضعات کاڈیٹاتیارکرکے فلڈکی صورت میں جن جن مقامات پرریلیف کیمپس قائم کرنے ہیں ان کابھی تعین کرلیاگیاہے ۔انہوں نے کہاکہ محکمہ لائیوسٹاک میں جانوروں کی ویکسینیشن کیلئے ویکسین کامطلوبہ مقدار میں بندوبست کرلیاہے ۔
عامرخٹک نے کہاکہ محکمہ انہاردریاﺅں کی صورتحال پرنظررکھے ہوئے ۔سیلاب آنے پردریاکے علاقے میں رہنے والے افراداپنے خاندان کے افرادکومحفوظ مقامات پرمنتقل کرلیں جبکہ فلڈآنے کی صورت میں دریائی علاقوں میں رہنے والوں کے لئے الرٹ بھی جاری کیاجائے گا۔اگرسیلاب آیاتوشجاعبادکے 27مواضعات متاثرہوں گے جبکہ آبادی کے انخلائی کی صورت میں 6فلڈریلیف کیمپ لگائے جائیں گے ۔
اس موقع پرایکسیئن انہارعبدالوحیدنے بتایاکہ تمام فلڈبندمضبوط حالت میں ہیں اورانجینئرنگ کے پیرامیٹرکے مطابق فلڈروکنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔اگردریاﺅں میں پانی زیادہ آتاہے توبندوں پرپانی کادباﺅکم کرنے کے لئے پاک فوج اورمحکمہ انہارمیں رابطہ موجودہے ۔
وی این ایس، ملتان











