نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹرکا اجلاس، ملک بھر میں کرونا وائرس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا

122

اسلام آباد ، 4 جون (اے پی پی): نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کے اجلاس میں کورونا وائرس پھیلنے سے بچاو کےلئے ایس او پیز کے نفاذ، خلاف ورزی پر سخت انتظامی کارروائی اور ٹیسٹ، ٹریس اور قرنطینہ کرنے کی حکمت عملی پر بھرپور عملدرآمد یقینی بنانے پرغور کیا گیا۔

جمعرات کو ہونے والے اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی، اصلاحات و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کی ۔ اجلاس میں گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر سمیت صوبائی چیف سیکرٹریز نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) کو بتایا ہے کہ عوامی مقامات، مارکیٹوں، پبلک ٹرانسپورٹ اور صنعتی شعبوں کے زیادہ خطرات والے علاقوں میں سماجی فاصلہ اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت انتظامی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کی حکمت عملی کا مرکزی نقطہ ایس او پیز پر عملدرآمد اور قرنطینہ اقدامات کے نفاذ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وباءپھیلنے کے خطرے پر قابو پانے کی حکمت عملی کو کامیاب بنانے کےلئے تمام اقدامات پر تیزی سے عملدرآمد کیا جانا چاہئے۔

 چیف سیکرٹری پنجاب نے فورم کو بتایا کہ ایس او پیز اور معاشرتی دوری پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا جبکہ خلاف ورزی پر پوری مارکیٹ، کاروباری مرکز اور پلازہ سیل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ شعبہ پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر تقریباً ساڑھے 6 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ عوامی مقامات اور زیادہ خطرات والے مقامات پر چہرے کے ماسک نہ پہننے پر بھی جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

 چیف سیکرٹری سندھ نے بتایا کہ ایس او پیزاور حفاظتی رہنماءاصولوں کی خلاف ورزی کرنے والے کاروباری مراکز اوربازاروں کوسخت انتباہی نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس میں بتایا کہ ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات پر عوام کا عملدرآمد اطمینان بخش نہیں ہے بلکہ لاپرواہ رویہ دیکھا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ منگل کو کئے گئے فیصلوں کو صوبائی انتظامیہ کو عمل درآمد کےلئے بھیجا گیا تھا جبکہ پشاور سمیت مختلف اضلاع میں دو مکمل مارکیٹوں کو حفاظتی پروٹوکول کی خلاف ورزی پر سیل کر دیا گیا تھا۔ ماسک پہننے کےلئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے لئے صوبہ بھر میں تقریباً 25000 ہزار معلوماتی بینرزآویزاں کئے گئے ہیں جن پرتحریر ہے کہ بغیر ماسک کے کچھ نہیں ملے گا۔

چیف سکریٹری بلوچستان نے فورم کو آگاہ کیا کہ دکانیں کھولنے کے بعد کورونا کے مثبت کیسز میں اضافہ کو مدنظر رکھتے ہوئے صوبائی انتظامیہ نے ایس او پیز اور حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی شروع کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ تیار کیا ہے۔

چیف سیکرٹری گلگت بلتستان نے فورم کو آگاہ کیا کہ سمارٹ لاک ڈاو ¿ن حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے۔ اس سے متاثرہ کوویڈ۔19 کے مریضوں کی صحت یابی کو یقینی بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے شخص پر 100 روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے اور حفاظتی پروٹوکول پر عمل کرنے کے لئے انہیں موقع پر تین فیس ماسک فراہم کیے گئے ہیں۔ اس کارروائی کے خلاف عوامی مزاحمت نہیں ہے بلکہ لوگوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا ہے۔

آزاد جموں وکشمیر کے چیف سکریٹری نے اجلاس میں بتایا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے ساتھ ٹرانسپورٹ کو کھولا گیا ہے جبکہ متاثرہ مریضوں اور ان کے قریبی رابطوں کا سراغ لگانے کےلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔

 وی  این ایس ،  اسلام آباد