وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس

133

اسلام آباد۔یکم جون (اے پی پی): وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا اور فیصلہ کیا کہ کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے معمولات زندگی اور کاروبار کے درمیان توازن کو برقرار رکھنے کی پالیسی پر عملدرآمد جاری رہے گا۔ وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایسے کاروباری شعبوں کی منفی لسٹ جاری کی جائے گی جو کہ کورونا وباءکے مزید پھیلاﺅ کو روکنے کے سلسلے میں بند رہیں گے تاہم کاروباری و تجارتی سرگرمیوں کی ایک ایسی فہرست جس پر وفاقی حکومت اور صوبوں کا اتفاق رائے ہو گا، وہ صنعتی شعبے کو جاری کی جائے گی جس کے تحت انہیں اپنی سرگرمیاں دوبارہ جاری رکھنے کی اجازت ہو گی۔ معمولات زندگی اور کورونا وائرس کے پھیلاﺅ کے حوالے سے غیر یقینی کی وجہ سے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ ہمیں کورونا وائرس کے ساتھ رہنا ہو گا تاہم وائرس کا پھیلاﺅ روکنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے فیصلہ کیا کہ بیرون ملک پھنسے ہوئے پاکستانی جن میں سے زیادہ تر کا تعلق مزدور طبقے سے ہے، انہیں اس آزمائش کی گھڑی میں بے یارو مددگار نہیں چھوڑا جائے گا اور انہیں وطن واپس لانے کے لئے خصوصی پروازیں چلائی جائیں گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ انہیں سفر کے حوالے سے سہولت فراہم کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور واپسی پر تمام مسافروں کے ہوائی اڈوں پر فوری ٹیسٹ کو یقینی بنائے جائے۔ اجلاس میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لئے شاندار خدمات پر طبی عملہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ طبی عملہ کو حفاظتی سامان اور دیگر سہولیات سمیت ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے جو کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں صف اول میں لڑ رہے ہیں۔ وزیراعظم نے طبی سہولیات کے زیادہ سے زیادہ استعمال اور لوگوں کو درست معلومات کی فراہمی اور طبی سہولیات کی دستیابی تک آسان رسائی کو یقینی بنانے کے لئے ٹیکنالوجی کے استعمال اور ریسورس مینجمنٹ سسٹم کو بھی سراہا۔ وزیراعظم نے موثر ٹیسٹ، ٹریک اور متاثرہ مریضوں کو الگ رکھنے کے حوالے سے ٹیسٹنگ، ٹریکنگ اور قرنطینہ حکمت عملی کو بھی سراہا۔ تمام وزرائے اعلیٰ سمیت اجلاس کے شرکاءنے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران ہونے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے عزم اور کوویڈ 19 سے نمٹنے کے لئے عوام میں شعور بیدار کرنے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے اور قومی سطح پر مل کر اس کا مقابلہ کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وی این ایس، اسلام آباد