وفاقی وزیر برائے توانائی عمر ایوب نے پٹرولیم مصنوعات کے تجزیہ و ٹیسٹ کی سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری کا افتتاح کر دیا

142

 

اسلام آباد ، 03 جون (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے توانائی (پٹرولیم ڈویژن) عمر ایوب خان نے بدھ کو ہائیڈرو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ پٹرولیم پراڈکٹس اینالسز اینڈ ٹیسٹنگ لیب کا افتتاح کر دیا۔اس سے قبل پٹرولیم ڈویژن نے ہائیڈو کاربن ڈویلپمنٹ انسٹی ٹیوٹ آف پاکستان (ایچ ڈی آئی پی) کے لئے ایک جدید اپ گریڈیشن پلان بنانے کی منظوری دی تھی۔ یہ پٹرولیم ڈویژن کی اپنی تمام تنظیموں میں بین الاقوامی بہترین طریقوں کو متعارف کرانے کے اقدام کا تسلسل ہے۔ اس منصوبے میں اسلام آباد ، لاہور ، کراچی ، پشاور ، کوئٹہ اور ملتان میں پٹرولیم مصنوعات کی ٹیسٹنگ سہولیات کی اپ گریڈیشن کا تصور دیاگیا ہے، منصوبے میں اسلام آباد میں پٹرولیم ٹیسٹنگ لیبارٹری کی آئی ایس او سند حاصل کرنا بھی شامل ہے۔اس منصوبے کو دو سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا اور اس پر 303.698 ملین روپے لاگت آئے گی۔

افتتاحی تقریب میں پٹرولیم ڈویژن کے اعلی عہدیداروں اور دیگر ممتاز ماہرین نے شرکت کی۔