پشاور، 19جون(اے پی پی): محکمہ خوراک نے کارروائی کرتے ہوئے غیر معیاری 28من کلیجی برآمد کر کے تلف کردی گئی۔
صوبائی وزیر خوراک الحاج قلندر لودھی کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر اور انکی ٹیم نے ہشت نگری میں خفیہ ذرائع سے ملنے والی اطلاع پر کارروائی کی، جہاں محکمہ خوراک کے افسران نے کاروائی کے دوران کلیجی کے معیار کو چیک کیا جس سے اٹھنے والی تعفن پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کلیجی کو قبضے میں لے کر تلف کردیا۔
راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ گروہ مختلف علاقوں سے لائی جانیوالی پیکٹوں میں بند کلیجی پورے شہر کو سپلائی کر رہے تھے جس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک کے افسران نے ضلع بھر میں غیر معیاری خوراک کی خرید و فروخت کرنیوالوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کردیا ہے جس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا کیونکہ شہریوں کو معیاری اور مقررہ نرخوں پر اشیائے خوردونوش کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔
وی این ایس ، پشاور











