کراچی  اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ایک سوچی سمجھی سازش  تھی  ؛ گورنر سندھ عمران اسماعیل

137

کراچی ،30جون (اے پی پی ): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے  کہا  ہے کہ  کراچی  اسٹاک ایکسچینج پر حملہ ایک سوچی سمجھی سازش  تھی  مگر ہمارے جوانوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب  دے  کر  دہشت گردوں کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہ دیکھنا۔

ان خیالات کا اظہار  انہوں نے  منگل کو یہا ں پاکستان  اسٹاک ایکسچینج کے دورہ پر میڈیا  نمائندوں   سے گفتگو   کرتے  ہوئے  کیا ۔ گورنر سندھ  نے  کہا کہ   کل   کے  واقعے  میں  جو شہید  اور جو  غازی ہیں ان کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے کل گورنر ہاوس میں تقریب منعقد کریں گے،انہوں نے  کہا کہ اسٹاک ایکسچینج آئے ہی اس لیے ہیں کہ ان بہادروں کا حوصلہ بڑھایا جائے کوشش ہے کہ  کچھ مناسب مالی امداد کا بندوبست کروں تا کہ ان کی فیملیاں کچھ راحت حاصل کر سکیں ،مجھے یہ سن کر خوشی ہوئی کے اسٹاک ایکسچینج نے بھی ایک فنڈ ان شہدا اور زخمیوں کے لیے مختص کیا ہے۔

 گورنر سندھ عمران اسماعیل  نے  کہا کہ سب سے بڑی خوشی کی بات یہ کہ اس حملے کے دوران بھی ٹریڈنگ چلتی رہی اور ڈھائی سو پوائنٹ اضافے پر مارکیٹ بند ہوئی، جو  دنیا بھر کو یہ پیغام کہ ہم متحد و منظم ہیں اور پاکستان کا اندرونی و بیرونی دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

وی  این ایس، کراچی