پشاور، 5جون(اے پی پی): ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیم نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں لاؤڈ سپیکر کے ذریعے شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور حکومت کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے آگاہی دی ،اس کے علاوہ احتیاطی تدابیر پر مشتمل پمفلٹس اور گلوز بھی تقسیم کئے گئے ۔
آگاہی مہم کے دوران شہریوں کو آگاہ کیا گیا کہ وہ اس جان لیوا وباء سے بچنے کیلئے ماسک کا استعمال ضرور کریں تاکہ اس وباء کے دوسرے شخص کو انتقال کا سلسلہ رک جائے۔
ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہری اپنی اور اپنے پیاروں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کی خاطر احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں،شہری اپنے گھروں سے بلا کسی وجہ نکلنے سے گریز کریں اور بار بار ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے گریز کر کے ہی اپنی اور دوسروں کی زندگیوں کو محفو ظ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خطرناک اور جان لیوا بیماری کے خاتمے کا واحد حل میل جول سے گریز اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کو یقینی بنانا ہے۔
وی این ایس ،پشاور











