کورونا وائرس  کے باعث معیشت کو استحکام دینے اور ملکی  ترقی کی کوششیں متاثر ہوئیں ؛وزیر اعظم عمران خان

144

قومی

اسلام آباد ، 5 جون (اے پی پی):وزیرِاعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءکی وجہ سے معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر ملک کو گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں، حکومت ان شعبوں کو فروغ دینے پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے جن سے معاشی عمل کو فروغ ملے اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں، غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانا اور اصلاحات کے عمل کو تیز کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو بجٹ برائے مالی سال 2020-21ءکے حوالہ سے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ مشیر خزانہ کی قیادت میں حکومتی معاشی ٹیم نے وزیرِاعظم کو آئندہ مالی سال کے بجٹ کے محصولات، اخراجات اور اس حوالہ سے زمینی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے حکومت کی ترجیحات کو عملی جامہ پہنانے کے حوالہ سے حکمت عملی پر بریفنگ دی۔

 وزیرِاعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وباءکی وجہ سے ہر طبقہ متاثر ہوا ہے اور معیشت کو استحکام دینے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوششیں متاثر ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ان شعبوں کو خصوصی طور پر فروغ دیا جائے جن سے نوجوانوں کےلئے نوکریوں کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور معاشی عمل کو فروغ ملتا ہے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ غیر ترقیاتی اخراجات میں کمی لانا خصوصاً غیر ضروری حکومتی اخراجات میں کٹوتی موجودہ حکومت کی روز اول سے ترجیح رہی ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے تناظر میں اس مقصد کو آگے بڑھانے پر خصوصی توجہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مختلف شعبوں میں سبسڈیز اور حکومت کی جانب سے مالی معاونت کی فراہمی کے معاملات پر غور کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی سبسڈی درحقیقت عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ ہے لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ اس پیسے کے بہترین اور موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ جہاں مطلوبہ مقاصد کا حصول ممکن بنایا جا سکے وہاں حقداروں تک ان کے حق کو پہنچانے کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔

 وزیرِاعظم نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ اصلاحات کے عمل کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ عوام پر پڑنے والے غیرضروری بوجھ کو کم سے کم کیا جا سکے اور ان کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

 وی   این  ایس،   اسلام آباد