کوئٹہ 01 جون (اے پی پی ): وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیر صدارت وباءامراض سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کے مجوزہ تین سالہ پروگرام کا جائزہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ سیکریٹری صحت دوستین جمالدینی نے پروگرام کے حوالے سے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ کووڈ۔19 کے تناظر میں شعبہ صحت کی ترقی،تیاری اور رسپانس پروگرام جون 2020 تا جون 2023 تک ہو گا آٹھ جزو پر مشتمل تین سالہ پروگرام پر لاگت کا تخمینہ 13.33 ارب روپے ہے پروگرام پر عملدرآمد وفاقی حکومت او ر ڈونرز اداروں کی شراکت داری سے کیا جائے گا کورونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کے پلازمہ سے وائرس سے متاثرہ لوگوں کے علاج اور اینٹی باڈی ٹیسٹ کا آغاز بھی ہو گیا ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ کورونا وائرس نے گلوبلائیزیشن کے تصوراور عمل کو بھی نقصان پہنچایا اور اقوام کو ایک دوسرے سے دور کیا ہے انہوں نے کہا کہ وباءامراض سے نمٹے اور علاج کی دریافت کے حوالے سے ہر قوم اب تحقیق و ریسرچ کی جانب متوجہ ہے۔ کورونا وائرس نے دنیا کے صحت کے نظام کو ہلا کر رکھ دیا ہے اور سماجی و معاشی ضروریات رہن سہن اور خوراک کے استعمال کے حوالے سے نئی تصورات کو جنم دیا ہے جبکہ عام آدمی صحت اور احتیاطی تدابیر کے حوالے سے حساس ہو گیا ۔
وی این ایس، کوئٹہ











