آئی جی پی ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی کا گومل یونیورسٹی کے طلباء فیکلٹی ممبران سے آن لائن خطاب 

165

پشاور،09 جولائی(اے پی پی): انسپکٹر جنرل آف پولیس صوبہ خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کا آن لائن گومل یونیورسٹی کے طلبا اور فیکلٹی ممبران سے”نئے ضم شدہ اضلاع اور متحرکات” کے موضوع پر خطاب ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ان اضلاع کو قومی دھارے میں لانے کا مقصد وہاں کے لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ سالہاسال سے یہ اضلاع دہشت گردوں کی آماجگاہ بنے ہوئے تھے جن سے چھٹکارہ حاصل کرنے کیلئے پولیس اور پاک فوج کی جانب سے ان گنت قربانیاں دی گئیں جن کی بدولت آج امن قائم ہوا ہے اور آج تمام حکومتی ادارے ان علاقوں میں کھل کے اپنا کام کررہے ہیں۔ اس موقع پر وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد بھی موجود تھے جبکہ ان کے ہمراہ ریجنل پولیس آفیسر یاسین فاروق، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن(ر)حافظ واحد محمود، رجسٹرار گومل یونیورسٹی طارق محمود، تمام شعبہ جات کے ڈین موجود تھے جبکہ دیگر شعبہ جات کے سربراہان اور طلبا نے آن لائن خطاب کو سنا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کا مزید کہنا تھا کہ سول اتھارٹی کے نفاذ، عدلیہ کے قیام اور دیگر اداروں کے مکمل فنکشنل ہوجانے سے ان اضلاع کے لوگوں کو وہ تمام سہولیات اور حقوق مہیا ہوگئے ہیں جو باقی شہروں کے لوگوں کو میسر ہیں۔ وائس چانسلر گومل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر افتخار احمد نے کہا کہ پولیس میں علم دوست لوگوں کی کوئی کمی نہیں اور ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی اس کی زندہ مثال ہیں۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ جس علاقے کے لوگ ترقی چاہتے ہیں وہاں ترقی آتی ہے۔ جنوبی وزیرستا ن کے لوگ بھی اپنے علاقے میں ترقی چاہتے ہیں تاکہ ان کے بچے بھی تعلیم حاصل کریں اور زیور تعلیم سے آراستہ ہو کر ملک کی خدمت کریں۔ وائس چانسلر نے اپنے گزشتہ دنوں ہونیوالے دورہ جنوبی وزیرستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی وزیرستان کا دورہ کرنے کا مقصد یہی تھا کہ یہاں امن قائم ہو چکا ہے اور میں ان علاقوں کو دیکھنا چاہتا تھا۔ ان علاقوں کے لوگوں کو بنیادی حقوق کی فراہمی، ہسپتال کا قیام، مزید سکولز اور کالجزبننے چاہئیں تاکہ ان علاقوں میں امن کے ساتھ تعلیم کا فروغ ممکن ہو۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن آجانے سے سوات، ہزارہ ، مری، دیر، وزیرستان وغیرہ جیسے خوبصورت مقامات پر زیادہ سے زیادہ لوگ جائیں گے جس سے وہاں کے لوگوں کا روزگار بڑھے گا۔ وائس چانسلر نے آئی جی پی ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کو بتایا کہ یہاں کے طلبا انتہائی غریب اور بیشتر متوسط طبقے سے تعلق رکھتے ہیں لہذا ایسے طلبا کیلئے خصوصی سکالر شپ کا بھی اعلان کیا جائے تاکہ ان طلبا کے حصول تعلیم میں آسانی ہو۔آخر میں وائس چانسلر گومل یونیورسٹی نے انسپکٹر جنرل آف پولیس صوبہ خیبرپختونخوا ڈاکٹر ثنا اللہ عباسی کو گومل یونیورسٹی کا دورہ کرکے طلبا کو ایک اور لیکچر دینے کی دعوت بھی دی۔

وی این ایس، پشاور