اسپیکر قومی اسمبلی سے  ڈاکٹر بابر اعوان   کی  ملاقات، بجٹ اجلاس، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال

104

 

اسلام آباد،02 جولائی (اے پی پی ): اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے  وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور  ڈاکٹر بابر اعوان  نے   جمعرات  کو   یہاں  ملاقات کی ہے،ملاقات میں بجٹ اجلاس، قانون سازی اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں پارلیمان کے حکومت کی نگرانی  کے کردار کو مزید فعال بنانے پر غور کیا گیا ،اسپیکر قومی  اسمبلی  نے  کہا کہ  کورونا وبا کے باعث پوری دنیا کی معیشت متاثر ہوئی ہے ،موجودہ حکومت کی طرف سے ٹیکس فری بجٹ پیش کرنا خوش آئند ہے۔ اراکین پارلیمنٹ نے بجٹ اجلاس کےدوران جس نظم ونسق کا مظاہرہ کیا وہ قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہاکہ کورونا وبا کی موجودگی کے باوجود اراکین کو بجٹ بحث میں زیادہ سے زیادہ موقع فراہم کیا گیا،موجودہ حالات میں اراکین کی جانب سے اتنی بڑی تعداد میں بحث میں حصہ غیر معمولی ہے،حکومتی اور اپوزیشن بنچوں کی جانب سے کھل کر اپنا نقطہ نظر پیش کیا گیا ۔

 اسپیکر قومی  اسمبلی  نے   کہا کہ  کورونا  وائرس کے  باعث پوری دنیا کی معیشت کو نقصان پہنچا مگر حکومت نے ٹیکس فری بجٹ دیا،بجٹ اجلاس میں حکومت کے مقابلے میں اپوزیشن کو زیادہ وقت دیا گیا،بجٹ پر عمومی بحث کے لیے 40گھنٹے کا وقت مقرر کیا گیا تھا، بجٹ بحث 57 گھنٹے 9 منٹ کروائی گئی، جس میں اپوزیشن نے 29 گھنٹے 14 منٹ اور حکومت نے 27 گھنٹے 55 منٹ بحث کی،اپوزیشن کو اپنے مقررہ وقت سے 10 گھنٹے 49 منٹ جبکہ حکومت کو 6 گھنٹے 20 منٹ اضافی وقت ملا۔

انہوں نے  کہا کہ بجٹ اجلاس میں 208 ارکان نے حصہ لیا، جن میں حکومت کے 107 اور اپوزیشن کے 101 ارکان ارکان شامل تھے،اپوزیشن کو اعتماد میں لے کر پارلیمان کو مزید موثر بنانے کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں 8 جولائی کو شروع ہونےوالے  قومی  اسمبلی   اجلاس کے ایجنڈے پر بھی  غور کیا گیا ،ڈاکٹر بابر اعوان  نے  ایوان کو خوشگوار ماحول میں چلانے پر اسپیکر کو خراج تحسین کیا  اور کہا کہ موجودہ حکومت پارلیمان کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے،بجٹ سیشن کے دوران اراکین کی طرف سے پیش کی گئی تجاویز حکومت کو آئندہ بجٹ بنانے میں مددگار ثابت ہوگی۔

وی این ایس،اسلام آباد