ملتان، جولائی (اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ کے افسران سمارٹ لاک ڈاون پر عملدرآمد کے لئے متحرک،اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے ایس پی سٹی جاوید خان کے ہمراہ ممتازآباد،گلشن مارکیٹ،اندرون شہر اور گلگشت کی مارکیٹوں کا وزٹ کیا اور تاجر رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید نے تاجروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ ہر صورت حکومت کی پالیسی پر عملدر آمد یقینی بنائے گی،حکومت سمارٹ لاک ڈاون پر عملدر بارے انتہائی سنجیدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری سمارٹ لاک ڈاون پر عمل کر کے انتظامیہ سے تعاون کرے،اگر زبردستی دوکانیں کھولنے کی کوشش کی گئی تو انتظامیہ کے پاس کریک ڈاون کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ہو گا۔
اے سی سٹی نے واضح کیا کہ حکومت کی رٹ کو چیلنج کرنیوالوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے،ضلع ملتان کی تحصیل شجاع آباد میں سمارٹ لاک ڈوان کی خلاف ورزی پر کارروائی کی گئی اور 10 دوکانوں کو سیل کر دیا گیا۔
دوسری جانب تحصیل جلالپور پیروالا میں تمام مارکیٹیں بند رہیں۔
اے پی پی /ملتان/حامد











