اسلام آباد،28اگست (اے پی پی):چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کی ترجیح صرف روزگار میں اضافہ نہیں بلکہ نوجوانوں کے لئے پیداواری ملازمتوں کو فروغ دینا ہے، وزیراعظم یو تھ پروگرام کے تحت قومی یوتھ اایمپلائنمنٹ پالیسی، نیشنل ای سپورٹس پا لیسی اور نیشنل ایڈولیسنٹ اور یوتھ پالیسی ترتیب دی گئی ہیں۔
انہوں نے یہ بات سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور نائب صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کہی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کے لئے روزگار، ہنر، کاروبار اور جدید مواقع کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہا ہے، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے ایز 4 فریم ورک کے تحت نوجوانوں کی تعلیم، روزگار، شمولیت اور ترقی کے لئے مختلف اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کی ترجیح صرف روزگار کے اعداد و شمار میں اضافہ نہیں بلکہ نوجوانوں کے لئے پیداواری ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے، نوجوانوں کو موجودہ اور مستقبل کی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق جدید مہارتیں فراہم کی جا رہی ہیں، نوجوانوں کے لئے بنائی گئی پالیسیوں اور منصوبوں کے اثرات وقت کے ساتھ نمایاں ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لیپ ٹاپ سکیم سے مستفید ہونے والے متعدد نوجوان آج فری لانسنگ کے ذریعے پاؤنڈز اور ڈالرز میں آمدن حاصل کر رہے ہیں، وزیراعظم یو تھ پروگرام کے تحت قومی یوتھ ایمپلائنمنٹ پالیسی، نیشنل ای سپورٹس پا لیسی اور نیشنل ایڈولیسنٹ اور یوتھ پالیسی ترتیب دی گئی ہیں، نوجوانوں کی رسائی جدید دور کے مواقع تک ممکن بنانے کے لئے ڈیجیٹل یوتھ ہب کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس پر ساڑھے آٹھ لاکھ سے زائد نو جوان رجسٹر ہو چکے ہیں۔
رانا مشہود احمد خاں نے کہا کہ پرائم منسٹر یوتھ پروگرام میں پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں کے نوجوانوں کو یکساں مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے، نوجوانوں کی مقامی ضروریات، صلاحیتوں اور روزگار کے رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے خصوصی مواقع اور پروگرامز ترتیب دیے جا رہے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ بلوچستان، خیبر پختونخوا اور دیگر علاقوں کے نوجوانوں کو ان کی ضروریات، صلاحیتوں اور مقامی معاشی مواقع کے مطابق برابر کے مواقع فراہم کئے جائیں، نوجوانوں تک رسائی کے لئے حکومتی پیغام کو جدید رجحانات سے ہم آہنگ اور مختلف زبانوں میں مؤثر انداز میں پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رانا مشہود احمد خاں کے وزیراعظم یوتھ پروگرام میں نوجوانوں کے لئے اقدامات قابل ستائش ہیں ۔











