سٹی ٹریفک پولیس پشاور کا نو تعینات پی ایس آئیز کیلئے دربار کا انعقاد،شہریوں کے ساتھ نرمی سے پیش آنے  کی ہدایت

185

پشاور، 28 جولائی (اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام نو تعینات پی ایس آئیز کیلئے ٹریفک لائن میں دربار کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل، ایس پی ہیڈ کوارٹرز افتخار علی خان، ایس پی کینٹ امان اللہ اور دیگر  نو تعینات پی ایس آئیز نے شرکت کی۔

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے نو تعینات پی ایس آئیز کے منعقدہ دربار میں ان کے مسائل سنے اور انہیں تمام مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے اپنے خطاب کے دوران نو تعینات پی ایس آئیز کو مبارکباد دی اور کہا کہ ان کے کندھوں پر نئی ذمہ داریاں آگئی ہیں جس کو احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔

انہوں نے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے سلام کلام کے حوالے سے کہا کہ افسران اور اہلکار شہریوں کے ساتھ نرمی سے پیش آئیں کیونکہ ہم عوام ہی کے ٹیکسوں سے تنخواہیں لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم محکمہ پولیس کے افسران نہیں بلکہ عوام کے خادم ہیں اور ہم عوام کی خدمت کیلئے سڑکوں پر کھڑے ہوتے ہیں جو عوام پر کسی صورت احسان نہیں بلکہ یہ ہماری ذمہ داریاں ہیں جسے احسن طریقے سے نبھانا ہوں گی۔

وی  این ایس،  پشاور