ملتان، 012 جولائی ( اے پی پی): محکمہ زراعت پنجاب کے تحت صوبہ بھر میں روئی کی 75لاکھ گانٹھوں کی پیداوار کے ہدف کے حصول کیلئے فیلڈ فارمیشنز کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے۔ کپاس کی فصل کی موجودہ صورت حال کا جائزہ لینے اور سفارشات مرتب کرنے کیلئے حکومت پنجاب کی قائم کی گئی ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کے پندرہ روزہ اجلاس باقاعدگی سے منعقد کیے جارہے ہیں۔ فیلڈ فارمیشنز کو کاشتکاروں کی فنی رہنمائی میں مزید تیزی لانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔
سیکرٹری زراعت پنجاب واصف خورشید کی ہدایات کے مطابق ٹیکنیکل ایڈوائزری کمیٹی کی مرتب کردہ سفارشات کپاس کے کاشتکاروں تک بروقت پہنچائی جارہی ہیں۔ مارکیٹوں میں معیاری زرعی مداخل کی مقرر کردہ نرخوں پر دستیابی یقینی بنانے کیلئے سخت مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ زرعی ادویات و کھادوں میں ملاوٹ اور ناجائز منافع خوری کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائیاں عمل میں لائی جارہی ہیں۔ کاشتکاروں کو مختلف مراحل پر کپاس کی بہتر نگہداشت اور مینجمنٹ بارے فنی رہنمائی فراہم کی جارہی ہے۔کپاس کی ہفتہ میں دو بار پیسٹ سکاؤٹنگ کرنے بارے بتایا جارہا ہے۔ پیسٹ سکاؤٹنگ کے نتیجہ میں کپاس کی فصل پر حملہ آور کیڑوں اور سنڈیوں کی معاشی نقصان دہ حد پر پہنچنے پر ہی زرعی زہروں کے سپرے کرنے بارے آگاہی دی جارہی ہے۔ سپرے مشینری نوزل، فوار کی درستگی اور سپرے کرنے کے طریقوں بارے تربیت بھی فراہم کی جارہی ہے۔ اندھا دھند سپرے کرنے کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔
وی این ایس، ملتان











