عید  الضحیٰ   پر سیل پوائنٹس کے علاوہ جانوروں کی خرید و فروخت کی  اجازت  نہیں ؛ ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن( ر) وقاص رشید

167

بورے  والا، 18 جولائی  (اے  پی پی ):کورونا وائرس کی صورتحال اور مویشی منڈیوں میں کورونا کے حوالے سے ایس او پیز پر عملدرآمد  کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن(ر) وقاص رشید کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،  اجلاس میں کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور عارضی مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالہ  لائحہ عمل طے کیا گیا ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن( ر) وقاص رشید نے کہا کہ مویشیوں کے عارضی سیل پوائنٹس پر تمام محکمے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں گے، تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور سٹاف کا ڈیوٹی روسٹرم تیار کیا جائے، ہر سیل پوائنٹ پر روزانہ 2پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے۔

انہوں نے    کہا کہ میونسپل کمیٹی کی طرف سے سیل پوائنٹس پر آنے والوں کیلئے ماسک فراہم کئے جائیں گے جبکہ کورونا سے آگاہی کیلئے پینا فلیکس آویزاں کئے جائیں گےاور عارضی مویشی منڈیوں کو روزانہ 3دفعہ ڈس انفیکٹ کیا جائے۔

 ڈپٹی کمشنر وہاڑی کیپٹن( ر) وقاص رشید نے کہا کہ سیل پوائنٹس کے علاوہ جانوروں کی خرید و فروخت نہ ہونے دی جائے جس میں انتظامیہ پولیس کی معاونت حاصل کرے گی ۔

اجلاس میں ضلع کے تمام اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

وی  این ایس،  بورے والا