غلاف کعبہ کی تبدیل کی روح پرور تقریب نو ذوالحج جمعرات کو منعقد ہوگی

157

اسلام آباد ، 30 جولائی(اے پی پی):ہر سال کی طرح غلاف کعبہ کو تبدیل کرنے کی روح پرور تقریب آج  نو ذوالحج جمعرات کو منعقد ہوگی جس میں 160 ماہر کارکنان حصہ لیں گے۔

غلاف کعبہ کی تبدیلی کے حوالے سے مسجد حرم الحرام اور مسجد نبویؐ کے امور کے نگران امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے کہا ہے کہ سعودی قیادت مسلمانوں کے قبلے بیت اللہ کے امور پر خصوصی توجہ دیتی ہے،  گورنر مکہ شہزادہ خالد الفیصل نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے خانہ کعبہ کا نیا غلاف پورے اہتمام اور عزت و مرتبت کے ساتھ بیت اللہ کے سنئیر متوالی کے حوالے کیا ہے۔

مسجد حرم شریف کے امور کے نگران سیکرٹری احمد المنصوری نے بتایا کہ نیا غلاف کعبہ چار برابر پٹیوں اور بیت اللہ کے دروازے کے پردے پر مشتمل ہے، غلاف کعبہ مختلف مقدس آیات اور عبارات سے منقش کیا جاتا ہے،اسکے علاوہ غلاف کعبہ میں مجموعی طور پر سولہ مختلف پٹیاں بھی شامل کی جاتی ہیں، ان میں چھ اضافی پٹیاں بھی شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ غلاف کعبہ کی تیاری میں 670 کلو گرام کا ریشم استعمال کیا جاتا ہے جس کے اندرونی حصے کو سیاہ رنگ میں رنگا جاتا یے، 120 کلو سنہری دھاگہ اور سو کلو گرام چاندی کا دھاگہ استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ  غلاف کعبہ کی تیاری کے لئے قائم کردہ شاہ عبدالعزیز کمپلیکس میں 200 ماہرین کام کرتے ہیں۔

اے پی پی/حمزہ /نورین