لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی ملاقات

107

لاہور،29 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے  بدھ  کو یہاں ملاقات کی ہے ، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، میڈیا حکمت عملی، عوام کو ریلیف دینے کے اقدامات اورفلاح عامہ کے منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ  ملاقات میں حکومتی کارکردگی کے حوالے سے اقدامات کو بھر پور طریقے سے اجاگر کرنے کا  بھی فیصلہ کیا گیا۔

ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے  وزیر اعلی پنجاب کا  کہنا تھا کہ حکومتی اقدامات کوبہتر انداز میں عوام کے سامنے لانے کیلئے میڈیا کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ عثمان بزدار نے کہا کہ میڈیا کی تعمیر ی تنقید سے رہنمائی ملتی ہے۔ کرپٹ عناصر کا بلاامتیاز احتساب پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ 22 کروڑ عوام جانتی ہے کہ آج ملک میں شفاف ترین حکومت ہے۔  ہمارا مقصد عوام کو ریلیف دینا اوران کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ انھوں نے کہا کہ عوام کے حقوق کا نگہبان ہوں، کسی کو عوام کے مفادات پر ڈاکہ نہیں ڈالنے دوں گا۔

  اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ  تحریک انصاف کی حکومت کافوکس عوام کے حقیقی مسائل پر ہے۔ میرٹ کی حکمرانی تحریک انصاف کی حکومت کا طرۂ امتیازہے۔

شبلی فراز نے کہا پاکستان تحریک انصاف کی ٹیم وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں متحد ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان میں صرف دیانتداری اورایمانداری کی سیاست ہوگی۔ تحریک انصاف کی حکومت نے معیشت کو گرداب سے نکالنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نیا پاکستان آگے بڑھا رہا ہے۔

 وی این ایس ، لاہور