ملتان : ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت فلورشاپس کی مانیٹرنگ کے حوالے سے اجلاس

77

 ملتان، 09جولائی)اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے کہا کہ تاریخ میں پہلی بار حکومت نے جولائی سے  فلور ملز کو گندم کا کوٹہ فراہم کرناشروع کیا ہے ۔حکومتی اقدامات کا مقصد عوام کے لئےمقررہ نرخوں پر مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی یقینی بنانا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں کومقررہ نرخوں پر آٹا فراہم کرنے کے لئے فلور ملز کے ڈیلرز اور شاپس کی فہرستیں طلب کر لیں۔

فلورشاپس کی مانیٹرنگ  کے حوالے سے  اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے   ڈپٹی کمشنر عامر خٹک  کا کہنا تھا  کہ محکمہ خوراک ہر محلہ میں فلور شاپ کے قیام کو یقینی بنانے سمیت  فلور ملز پر مانیٹرنگ سٹاف تعینات کرے گا، جو فلور مل سرکاری  گندم کےکوٹے کا آٹامارکیٹ نہیں لائے گی وہ سیل کر دی جائے گی  جبکہ ہر فلور مل مارکیٹ میں فراہم کئے جانے والے آٹے کے بیگ پر تاریخ کا اندراج کرے گی ۔ انتظامیہ کے افسران ہر شاپ پر آٹے کی دستیابی  کو چیک کریں گے۔

ڈی سی  عامر خٹک  نے کہا کہ چکیوں کو بھی سرکاری گندم کا کوٹہ فراہم کیا جائے گا، حکومت نے ہر چکی کے لئے روزانہ تین بوری گندم کا کوٹہ مقرر کیا ہے ۔سیزنل فلور ملز کو  بھی مکمل فنکشنل ہونے کی یقین دہانی پر گندم کا کوٹہ فراہم کیا جائے گا ۔سرکاری ریٹ کے مطابق 10کلوآٹے کا تھیلا430 روپے اور20 کلو کا تھیلا860 روپے میں فروخت ہو گا،تمام پرائس مجسٹریٹس آٹے کی مقررہ نرخوں پر فروخت یقینی بنائیں گے۔

 اجلاس میں اے ڈی سیز محمدطیب خان اور قمرالزمان قیصرانی ،اسسٹنٹ کمشنرزعابدہ فرید،شہزاد محبوب،غلام سرور اور محمد زبیر  نے شرکت کی جبکہ  ڈی ایف سی ملک ممتاز،ڈی او پرائسسزطارق ولی اور سیکرٹری مارکیٹ کمیٹی اعجاز سلیم  بھی موجود تھے۔

وی این ایس،ملتان