ملتان: عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے: آئی جی  پنجاب

84

ملتان، 09 جولائی (اے پی پی ): انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس شعیب دستگیر نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی بنیادی ذمہ داری ہے ،جنوبی پنجاب میں جرائم کے خاتمے کیلئے بہترین ٹیم تعینات کی  گئی ہے ۔پولیس کے مثبت امیج کو اجاگر کرنے کیلئے مثالی اصلاحات پر عمل پیرا ہیں۔

ان خیالات کا اظہار   آئی جی  پنجاب نے  اپنے  ایک روزہ دورہ ملتان  میں ریجن کے پولیس سربراہان کے اجلاس  کی صدارت  کرتے   ہوئے کیا ، اجلاس میں سی پی او ملتان حسن رضا خان اور ڈی پی  اوز نے شرکت کی جبکہ  ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پر بریفنگ دی ۔

آئی جی پنجاب نے پولیس آفیسر کے نئے بلاک کا بھی افتتاح کیا، ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے ترقیاتی منصوبے پر بریفنگ بھی دی ۔آئی جی پنجاب نے ریجنل پولیس آفس ملتان کا بھی دورہ کیا ، آر پی او آفس پہنچنے پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی کو سلامی بھی دی ۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس کے لان میں پودا لگایا اور نئے کانفرنس روم کا بھی  افتتاح کیا۔ اس کے علاوہ  آئی جی پنجاب سے کمشنر شان الحق اور ڈپٹی کمشنر عامر خٹک نے بھی ملاقات کی۔

آئی جی پنجاب شعیب دستگیر   نے ہدایت کی  کہ پولیس افسران جانفشانی سے عوام کو انکی دہلیز پر انصاف فراہمی کے اقدامات کریں۔

 وی این ایس ،ملتان