ملتان،20جولائی (اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن شان الحق نے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے مویشی منڈیوں ،سیل پوائنٹس کا دورہ کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر شان الحق کا کہنا تھا کہ تمام عارضی سیل پوائنٹس شہری حدود سے باہر قائم کئے گئے ہیں،شہری علاقوں میں قربانی کے جانوروں کی خرید وفروخت پر سخت پابندی عائد ہے اور ایسا کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ قربانی کی کھالیں صرف رجسٹرڈ فلاحی تنظیمیں جمع کر سکتی ہیں،کالعدم تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے عید کی نماز کے بارے میں بھی ایس او پیز جاری کردی گئی ہیں جبکہ کرونا وبا کی روک تھام کے لئے ہم سب کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔اس کے علاوہ منڈی میں کسی شہری کو ماسک کے بغیر سروس فراہم نہیں کی جائے گی جبکہ بزرگ افراد اور بچوں کو منڈیوں میں لانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
انہوں نے اپیل کی کہ شہری مویشی منڈی میں ہلکے رنگ اور کھلے کپڑے پہن کر جائیں جبکہ دستانے اور ماسک کا استعمال لازمی کریں۔منڈی کی حدود میں کھانے پینے کے سٹال لگانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس موقع پر کمشنر شان الحق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں 26منڈیاں، سیل پوائنٹس کے انتظامات مکمل کئے جاچکے ہیں،ضلعی انتظامیہ، کیٹل مارکیٹ ،تحصیل کونسل اور میونسپل کمیٹیوں نے منڈیاں مکمل فعال کر دی ہیں جبکہ عموماً بیوپاری یکم ذی الحج کو مویشی ،منڈیوں میں لیکر آتے ہیں۔منڈیوں میں سی سی ٹی وی کیمرے بھی انسٹال کردیئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ ضلع ملتان میں مویشی منڈیوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کروانے کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ میٹروپولٹن کارپوریشن کی حدود میں لگنے والی دو مویشی منڈیوں کے لیے دو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کہ دو شفٹوں میں کام کریں گی ۔ مجموعی طور پر ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے 24 اہلکاروں کی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صدر شہزاد محبوب، اسسٹنٹ کمشنر جنرل خواجہ عمیر محمود، سی او تحصیل کونسل اقبال خان،ایم ڈی کیٹل مارکیٹ ڈاکٹر حماد علی، اسسٹنٹ کمشنرز یو ٹی ذولقرنین وٹو، ثاقب ترازی،فرقان ہشمت،مکرم سہو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔
وی این ایس ، ملتان











