کوئٹہ،03جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا،جس میں پاک افغان بارڈر چمن کی بندش سے پیدا ہونے والی صورتحال اور اس مسئلہ کے مستقل بنیادوں پر حل سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
سیکیورٹی اور اینٹیلیجنس اداروں، پاکستان کسٹمز اور انتظامیہ کی جانب سے اجلاس کوبریفنگ دی گئی جس میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ، ممنوعہ اور غیر ممنوعہ اشیاء کی سمگلنگ، امن وامان کی صورتحال اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے تحت افغانستان جانے والی اشیاء کو واپس پاکستان لانے کی چھوٹ کے علاوہ دیگر امور شامل تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ متعلقہ وفاقی اور صوبائی محکموں کو حاصل اختیارات کے تحت ملکی مفاد میں فیصلے کئے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے متعلق امور پر وزیراعظم سے بھی ملاقات کریں گے تاکہ اس مسئلہ کا فوری اور مستقل بنیادوں پر حل ممکن ہوسکے۔
اجلاس میں صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو، ، آئی جی ایف سی(نارتھ) میجر جنرل فیاض حسین شاہ، آئی جی پولیس محسن حسن بٹ، سی او ایس سدرن کمانڈ میجر جنرل دلاور، کلکٹر کسٹم بلوچستان، اور اینٹیلیجنس اداروں کے حکام نے شرکت کی۔
وی این ایس، بلوچستان











