گھوٹکی ، 04 جولائی (اے پی پی ):رونتی کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار خان محمد پنہوار کی نماز جنازہ آبائی گاؤں نصیر دھوندو میں ادا کر دی گئی، ڈی آئی جی سکھر فدا حسین مستوئی ،ایس ایس پی گھوٹکی ڈاکٹر فرخ علی لنجار، اے ایس پی ڈاکٹر ایاز حسین بلوچ ، پولیس ترجمان ضلع گھوٹکی افتخار حسین ارائیں جنازے میں شریک ہوئے جبکہ بڑی تعداد میں شہریوں اور علاقہ معززین نے بھی شرکت کی، شہید کو سرکاری اعزاز کے ساتھ تدفین کی گئی۔
اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس سکھر فدا حسین مستوئی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہمارے لیے باعث فخر ہے، جب تک رونتی کچے سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ نہیں ہو جاتا ہمارا یہ آپریشن جاری رہے گا ۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر پنجاب کے علاقے ماچھکہ سے کچے کے علاقے میں سندھ میں داخل ہوتے ہیں ۔
ڈی آئی پولیس سکھر نے مزید کہا کہ مختلف اوقات میں کچے میں ڈاکوءوں کےخلاف آپریشن کیئے جاتے رہے ہیں جس میں کئی مرتبہ پولیس کو کامیابی ملی ہے، رونتی کچے سے جرائم پیشہ عناصر کا جلد خاتمہ کر کے ضلع گھوٹکی کا امن بحال کیا جائے گا ۔
ڈی آئی جی سکھر کی جانب سے شہید پولیس اہلکار خان محمد پنہور کی بیواہ کو 60 سال تک تنخواہ اور 2 نوکریاں دینے کا اعلان کیا ۔
وی این ایس، گھوٹکی











