لاہور،21جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیرداخلہ و قبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی ،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور بین الصوبائی ہم آہنگی کے فروغ کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے دورہ بلوچستان کے دوران پرجوش میزبانی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بلوچستان اور بلوچستان کے لوگوں کی محبت کبھی نہیں بھول سکتا- پنجاب حکومت بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہے-
عثمان بزدار نے کہا کہ تربت میں 100 بیڈ کا ہسپتال اور تفتان میں کمیونٹی سنٹر بنایا جائے گا- دونوں منصوبوں کے لئے ایک ارب روپے کا چیک حکومت بلوچستان کے سپرد کیا جا چکا ہے- موسی خیل میں بنک آف پنجاب، طالبات کے لئے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات فراہم کر رہے ہیں ، بلوچستان کے مریضوں کو سرحدی علاقے سے ڈیرہ غازی خان منتقل کرنے کے لئے ریسکیو سروس دیں گے جبکہ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ سے بھی بلوچستان کے مریض مستفید ہوں گے –انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آنے والے لوگ ہمارے لئے قابل احترام ہیں ،ہمیشہ بلوچستان جا کر محبت دیکھی، پنجاب بھی محبتیں نچھاورکررہا ہے –
اس موقع پر میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ عثمان بزدار نے پنجاب اور بلوچستان کو قریب لانے میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ہے، عثمان بزدار نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لئے ہیں -وفود کے باہمی تبادلوں سے محبت بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے وزیر اعلی عثمان بزدار کی خدمات قابل تحسین ہیں۔
وی این ایس ، لاہور











