وزیر اعظم عمران خان نے کشمیر پر بھارتی اقدام کے خلاف دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی: شبلی فراز

94

لاہور، 29 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ تاریخ میں ایسے واقعات بہت کم ملتے ہیں جیسا یک جنبشِ قلم  بھارت نے کشمیریوں سے سارے حقوق چھین لیے جس کی وجہ سے ہر پاکستانی کے دل میں تڑپ پیدا ہوئی اور اس آرٹیکل کے نفاذ کے بعد دنیا بھر سےبھارت کے خلاف کسی بھی طرف سے آواز نہیں آئی جس سے ہمیں معلوم ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں انصاف صرف سلیکٹیڈ  ہو رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان نے بھارت کے اس اقدام کے خلاف دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے آواز اٹھائی اور اب پانچ اگست کے حوالے سے تقاریب کا انعقاد کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ اب ہمیں ایک نئی سوچ اور نئے طریقے کے ساتھ کشمیر کی آزادی کی کوشش کرنا ہو گی تاکہ کشمیری بھی آزاد فضا میں سانس لے سکیں ۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی صدر ٹرمپ نے ثالثی کی پیشکش کی سیاسی مخالفتیں اپنی جگہ پر کشمیر پر ساری قوم ایک صفحہ پر ہے۔

اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پانچ اگست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ میں کشمیر کا سفیر بنوں گا اور اس کے بعد انہوں نے اپنے کہے کا حق ادا کر دیا ۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ چالیس سال سے کشمیر کے لیے دنیا بھر میں آواز اٹھا رہا ہوں اب وقت آ گیا ہے کہ دنیا نے بھارت کا اصلی چہرہ دیکھ لیا ہے ۔

انہوں نے کہا پاکستان کی مسلسل کوششوں کے بعد اب کشمیر بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے جس کی وجہ سے دنیا بھر میں بھارت رسوا ہوا ہے ،کرتار پور اور مندروں کی تعزین و آرائش کی وجہ سے پاکستان کا مثبت چہرہ دنیا بھر نے دیکھا جس پر وزارت خارجہ اور وفاقی وزیر اطلاعات  شبلی فراز کی خدمات کو سراہتا ہوں ۔

تقریب میں تجزیہ نگار سلمان غنی ،سیکٹری جنرل پی ایف یو جے  رانا عظیم اوردیگر نے بھی  شرکت کی ۔

اے پی پی /لاہور/حامد