وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ‘ عزم نو’ معاشی بحالی پلان کا اجراء کر دیا

164

پشاور: 30 جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے جمعرات کو یہاں 29 ارب روپے کے تخمینہ لاگت سے معاشی بحالی کے تین سالہ پلان “عزم نو” کاباضابطہ اجراءکردیا جو کورونا وبا کے معیشت پر پڑنے والے اثرات کے ازالے اور معیشت کی بحالی کے لئے تشکیل دیا گیا ہے۔

اس سلسلے میں وزیراعلی کی زیرصدارت کابینہ کا اجلاس وزیراعلی ہاؤس میں منعقد ہوا، اجلاس میں بریفنگ کے دوران وزیراعلی کو بتایاگیا کہ یہ تین سالہ پلان نو مختلف شعبوں میں43 انٹر ونشنز پر مشتمل ہے، جس کے بنیادی ستون (شعبوں) میں معاشی نمو، صحت ، تعلیم، ایمرجنسی ریسپانس، ملازمتوں کی تخلیق ، پبلک ورکس ، چھوٹے اور درمیان درجے کے کاروبار اور سماجی تحفظ شامل ہیں۔

اجلاس سے خطاب  کرتے  ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ عزم نو پلان کا اجراء بلا شعبہ ایک غیر معمولی کاوش ہے جو کورونا وبا کے معیشت پر اثرات کے ازالے، معاشی سرگرمیوں کے فروغ اور ملازمتوں کی تخلیق کے لئے ترتیب دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وبا کے پوری دنیا پر منفی اثرات مرتب ہوئے ، سب کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اس لیے عزم نو معاشی بحالی پلان کا اجراء صوبائی حکومت کی معاشی مشکلات کے خاتمے اور ترقی کے لئے جاری کوششوں کا تسلسل ہے جسکی وہ بذات خود نفاذ کی نگرانی کریں گے۔

اے پی پی /صائمہ حیات/قرۃالعین