پنجاب  ، بلوچستان  کے درمیان صنعت و تجارت کو فروغ دیاجائے گا؛ وزیراعلیٰ سردارعثمان بزدار

105

لاہور، 13جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے بلوچستان کے  وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ہمارے دل ایک ساتھ  دھڑکتے ہیں، پنجاب کے ساتھ  بلوچستان کی ترقی بھی عزیز ہے ،دونوں صوبو ں کے درمیان صنعت و تجارت کو فروغ دیاجائے گا۔

 عثمان بزدار نے کہا کہ بلوچستان او رپنجاب کی سرحد پر انڈسٹریل زون بنانے کی تجویز کاجائزہ لے رہے ہیں۔  پنجاب حکومت نے خیر سگالی کے طور پر بلوچستان میں مختلف منصوبے شروع کئے ہیں، حکومت پنجاب گوادر میں پنجاب ہاؤس اور تفتان میں زائرین کے لئے سنٹر بنائے گی۔

 وزیر اعلی پنجاب نے مزید کہا کہ خاران میں حکومت پنجاب کی طرف سے ٹیکنیکل کالج اسی سال مکمل ہوجائے گا اور اس کے علاوہ موسیٰ خیل میں بینک آف پنجاب کی برانچ  ، ریسکیو 1122سنٹر، کالج کیلئے ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولتیں فراہم کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بلوچستان میں دل کے امراض کا ہسپتال بھی بنایا جائے گا  اور تربت میں 100بیڈ کا ہسپتال بھی حکومت پنجاب بنانے  گی۔

 وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ بننے سے بلوچستان کے لوگوں کو معیاری  علاج کی سہولت ملےگی۔ انہوں  نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان میں سٹیٹ آف دی آرٹ سبزی منڈی بنائیں گے جس سے بلوچستان کے کاشتکاروں کو بھی سہولت ہوگی، ڈیرہ غازی خان میں سخی سرور روڈ پر سبزیوں اور پھلوں کومحفوظ کرنے کے لئے کولڈ سٹوریج اور ٹرک سٹینڈ بھی بنایا جائے گا، بلوچستان سے تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے کوہ سلیمان میں روڈ انفراسٹرکچر کو بہتر بنارہے ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ لاہو ر میں  دبئی کی طرزپر نیا شہر بسا رہے ہیں، ریور راوی سٹی میں ہیلتھ، ایجوکیشن سٹی اور چھوٹے ڈیم  بنائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت بننے والے روڈز سے پنجاب ہی نہیں باہر سے آنے والے بھی مستفید ہوں گے، جنوبی پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کردیا ہے،ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی بھی تعینات کر دئیے ہیں۔

 اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل نے کہا کہ پنجاب اب پہلے سے بہت بہتر نظر آتا ہے،  پنجاب میں ترقی کے ا ثرات دور دراز شہروں میں بھی نظر آرہے ہیں ۔

 حاجی محمد خان طور اتمن خیل نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا پاکستان کے استحکام او رترقی کے لئے ملکر کام کرنے کا جذبہ قابل تحسین ہے،وزیراعلیٰ عثمان بزدار جب بھی بلوچستان آتے ہیں ہمیں دلی خوشی ہوتی ہے۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے بلوچستان کے وفد کی طرف سے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ لورا لائی کا جلد دورہ کروں گا-

وی  این ایس،  لاہور