لاہور20جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت انسداد پولیو کیلئے خصوصی ٹاسک فورس کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں انسداد پولیو کیلئے مربوط انداز میں موثر اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کو پولیو فری بناناہمارا مشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کی مہم میں کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا،کورونا کے پیش نظر انسداد پولیو مہم کی اہمیت بڑھ گئی ہے – وزیر اعلی نے ڈپٹی کمشنرز کواپنے اضلاع میں انسداد پولیو مہم کی مانیٹرنگ کرنے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پنجاب پولیو سے پاک چاہیے،انسداد پولیو سے متعلقہ اجلاس نہ کرنے پر بعض اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو وارننگ جاری کی گئی ہے-
انہوں نے کہا کہ جس ضلع میں پولیو کیس سامنے آیااس ضلع کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ کے خلاف ایکشن ہو گا،پولیوکیس سامنے آنے پر ڈپٹی کمشنرسے بھی جواب طلب کیا جائے گا، اچھی کارکردگی پر ڈپٹی کمشنرز اور پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں اگر چہ صورتحال دوسرے صوبوں سے بہتر ہے لیکن انتظامیہ اور متعلقہ حکام انسداد پولیو کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں انسداد پولیو مہم کے دوران انسپکٹر جنرل پولیس پولیو ورکرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کریں ، انسداد پولیو مہم کے دوران کوروناسے بچاؤ کی حفاظتی تدابیر اختیار کی جائیں50 سال سے زائد عمر کے پولیو ورکرز کو فیلڈ ڈیوٹی سے استثنی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پولیو ورکرز ماسک اور سینی ٹائزر کا استعمال لازمی کریں گے فیلڈ میں جانے سے قبل پولیو ورکرز کی سکریننگ ہو گی-بچوں کو پولیو سے محفوظ بنانا قومی ذمہ داری ہے ۔انسداد پولیوکے اقدامات سے آگاہی کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے۔
وی این ایس،لاہور











