لاہور، 24جولائی(اے پی پی): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کی زیر صدارت ٹائیگر فورس ڈے کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹائیگر فورس ڈے کے موقع پر ملک بھر میں رضا کاروں کے ذریعے بڑے پیمانے پر شجرکاری کیلئے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جبکہ اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں مون سون شجرکاری مہم کے دوران 3 کروڑ 70 لاکھ پودے لگانے کا ہدف مقرر کی گیا ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان ڈار کا کہنا تھا کہ شجرکاری مہم کیلئے رضا کاروں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے،موبائل فون ایپ کے ذریعے رجسٹریشن چند روز میں اوپن کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ٹائیگر فورس کی خدمات سے بہتر انداز میں فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
اس موقع پر ملک امین اسلم نے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے منانے کا مقصد شاندار خدمات پر رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔
چیف سیکرٹری نے کمشنرز کو حکم دیتے ہوئے کہا کہ ٹائیگر فورس ڈے کیلئے انتظامات کو جلدحتمی شکل دی جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ ٹائیگر فورس کار آمد ہیومن ریسورس ہے، رضا کاروں کی خدمات سے بھرپور استفادہ حاصل کیا جائے، پودے لگانے کے بعد انکی دیکھ بھال کا موثر انتظام بھی کیا جائے اور لوگوں میں پودوں کی اہمیت اُجاگر کرنے کے لیے موثر مہم بھی چلائی جائے۔
صوبائی وزیر سپیشل ایجوکیشن محمداخلاق، چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک ، سیکرٹری جنگلات محمد آصف، چیئرمین پی آئی ٹی بی ظفر منظور اور کمشنر لاہور ڈویژن دانش افضال سمیت تمام ڈویژنل کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
وی این ایس ، لاہور











