چین فائٹو سینیٹری سسٹم پاکستان میں نصب کرنے میں مدد کرے گا؛ سید فخر امام کی چینی سفیر یاو جِنگ سے ملاقات میں گفتگو

140

اسلام آباد ، 2 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کہا ہے کہ چین فائٹو سینیٹری سسٹم پاکستان میں نصب کرنے میں مدد کرے گا، زراعت پاکستان کا مستقبل ہے ۔

 جمعرات کو چین کے سفیر یاو جِنگ سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان زراعت کے احیاءمیں بہت زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے چینی سفیر سے کہا کہ دونوں ممالک کو زرعی شعبے میں تعلقات پر دوبارہ نظرثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تکنیکی ماہرین کو براہ راست ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرنی چاہئے تاکہ زرعی تحقیق کی جا سکے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو کم پیداوار کے مسئلے کا سامنا ہے لہذا چین جرم پلازم پر تحقیق میں پاکستان کی مدد کرے تا کہ کپاس ، پھل، ہائبرڈ چاول اور گندم کی اعلی پیداوار اقسام تیار کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ گوشت اور گوشت کی مصنوعات کی برآمد کے لئے چین دنیا کی ایک بڑی منڈی ہے۔ایف ایم ڈی کے اجرا کی وجہ سے پاکستان کو چینی مارکیٹ تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ لہذا اس سلسلے میں باہمی تعاون کیا جاسکتا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ بلوچستان نامیاتی کپاس میں کافی کام کر رہا ہے۔ ملاقات میں یہ طے کیا گیا کہ پھلوں کی برآمد میں اضافہ کے لئے چین فائٹوسینیٹری سسٹم کو پاکستان میں نصب کرنے میں مدد کرے گا۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ کسانوں کی تربیت کے لئے چین ووکیشنل اور تکنیکی زرعی اداروں کی تعمیر میں مدد کرے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ اب پلانٹ بریڈرز ایکٹ اور پلانٹ سیڈ ایکٹ کے تحت پاکستان اپنی مصنوعات کو برانڈ کر سکتا ہے۔

 چینی سفیر نے گوادر میں فشری میں باہمی تعاون کا عندیہ دیا، چین-پاکستان کا زرعی تعاون سے متعلق جوائنٹ ورکنگ گروپ مفاہمت نامہ 2 نومبر 2018ءکو طے کیا گیا اور فریم ورک معاہدہ 25 مئی 2019 کو دستخط کیا گیا۔

 جوائنٹ ورکنگ گروپ کا پہلا اجلاس یکم نومبر 2019ءکو اسلام آباد میں ہوا۔ چین نے پاکستان کی انسداد ٹڈی دل کے لئے 4.94 ملین روپے کی امداد کی ہے، جن میں 30000 لیٹر مالیتھون (کیڑے مار دوائی) اور 50 اسپرے سامان شامل ہے۔ چین کی طرف سے 2.6 ملین امریکی ڈالر کے 200 ڈرون کی فراہمی کے لئے ایک درخواست پر اقتصادی امور ڈویژن میں کام ہو رہا ہے۔

 چین نے کورونا وائرس کے دوران انسداد ٹڈی دل کے تسلسل کے لئے 30000 سرجیکل ماسک، 1000 حفاظتی سوٹ اور 1000 حفاظتی چشمے بشمول طبی سامان عطیہ کیا ہے۔ مارچ 2020 میں پاکستان اور چین کے مابین صدر پاکستان کے دورہ چین کے موقع پر ایک معاہدے پر دستخط ہوئے۔ مفاہمت نامہ کا مقصد پاکستان میں پیسٹ اینڈ ڈزیزکنٹرول سنٹر کا قیام ہے۔اس سنٹر کا قیام انتہائی ضروری ہے کیونکہ پاکستان میں ایسا کوئی مرکز موجود نہیں ہے۔

وی   این ایس،   اسلام آباد