ڈرائیور کی چھوٹی سی غلطی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے:  چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل

142

پشاور، 10جولائی(اے پی پی): سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے آج یہاں ٹرانسپورٹروں کو سواریاں سڑک کنارے کھڑے ہوکر گاڑیوں میں بٹھانے اور اتارنے بارے آگاہی دیتے ہوئے ہدایت کی کہ وہ سڑک کے بیچ کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ دیگر شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے ایک شہری نے پاکستان سٹیزن پورٹل پر شکایت درج کی تھی کہ ڈرائیور حضرات چلتی گاڑی میں سواریاں اتارتے اور بٹھاتے ہیں جو کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتا ہے جس پر ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے نوٹس لیتے ہوئے سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں کو ہدایت کی کہ وہ مختلف اڈوں اور سیکٹروں میں جا کر ٹرانسپورٹروں کو آگاہی دیں۔

اس سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی ایجوکیشن ٹیموں نے فردوس بس سٹاپ‘ حاجی کیمپ اور باچا خان چوک میں ٹرانسپورٹروں کو سڑک کنارے گاڑیاں کھڑی کر کے سواریاں اتارنے اور بٹھانے سے متعلق آگاہی دی اور یہ بھی ہدایت کی کہ وہ سڑک کے بیچ کھڑے ہونے سے گریز کریں تاکہ دیگر شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات درپیش نہ ہوں۔

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے  ٹریفک ہیڈ کوارٹر کے بیان کیمطابق ٹرانسپورٹرز سواریوں کو اتارنے اور بٹھانے کے وقت احتیاط برتیں کیونکہ ڈرائیور کی چھوٹی سی غلطی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی ٹرانسپورٹر سواری کو اتارنے کیلئے سڑک کنارے چند سیکنڈز کیلئے کھڑا ہو جائے تو اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ چلتی گاڑی سے سواری کو اتارنے اور اٹھانے سے قیمتی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔

وی این ایس، پشاور