لاہور،10جولائی(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت گریٹر تھل کینال اورآبپاشی امور سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، اجلاس میں جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع میں بنجر زمین کو سیراب کرنے کیلئے گیم چینجر پراجیکٹ کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ پنجاب نے گریٹر تھل کینال منصوبہ جلد از جلد شروع کرنے کا حکم دیا۔
وزیر اعلی پنجاب نے ہدایت کی کہ پنجاب میں کینال سسٹم کی بحالی پر کام تیز کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ آبپاشی کے نظام کو بہتر بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے حصول کی قانونی کارروائی ترجیحاً مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اراضی کے حصول کیلئے متعلقہ کمشنرفوری طورپر سروے مکمل کرائیں۔
عثمان بزدار نے کہا کہ گریٹر تھل کینال کیلئے میرٹ پراراضی کے نرخ کاتعین کیا جائے،اراضی مالکان کو شفاف طریقے سے اراضی کی قیمت ادا کی جائے اور اراضی کے نرخ کی ادائیگی کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ گریٹر تھل کینال لیہ،بھکر، جھنگ،مظفر گڑھ اورخوشاب کے اضلاع میں خوشحالی لائے گی۔ لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اورقومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔گریٹر تھل کینال کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک 150ملین ڈالر مالی معاونت فراہم کرے گا۔محکمہ جنگلات کو گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے عوض متبادل زمین فراہم کی جائے گی۔
وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ گریٹر تھل کینال کی تعمیر کیلئے مالی امور کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔
اجلاس میں وزیر آبپاشی محسن لغاری،چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،پرنسپل سیکرٹری اوردیگر حکام سمیت کمشنر سرگودھا اورڈپٹی کمشنر لیہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
وی این ایس ، لاہور











