لاہور، 30جولائی(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور سے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے ملاقات کی ہے ، ملاقات میں سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر مسائل پر گفتگوکی گئی۔
گورنر پنجاب نے حکومتی اقدامات کو بھر پور طر یقے سے اجاگر کر نے پر شبلی فراز کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام اپوزیشن کے بیانیہ کے ساتھ نہیں بلکہ حکومتی پالیسوں کیساتھ کھڑی ہے ۔ سیاسی مخالفین پار لیمنٹ کے اندرباہر کہیں بھی عوام کی بات نہیں کر تے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے موجودہ حکومت عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ بلاامتیاز احتساب ملکی ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے، قومی وسائل کاتحفظ کیا جائیگا۔
چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے سمارٹ لاک ڈاؤن کا حکومتی اقدام موثرثابت ہوا ہے اگر عوام نے عید اور محرم میں ایس او پیز پر عمل کر لیا تو انشاء اللہ ہم کورونا کو شکست دیدیں گے۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت ہر سطح پر شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنارہی ہے۔ اپوزیشن جو مرضی کرتی رہے ملک میں عام انتخابات اپنے وقت پر ہی ہونگے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ کر پشن کر نیوالوں کو ہر صورت احتساب کا سامنا کر نا پڑ یگا۔ اپوزیشن کا ایجنڈہ صرف اور صرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے، انکو ملک وقوم کی فکر نہیں۔
وی این ایس ، لاہور