برسلز؛ بھارتی سفارتخانے کے باہر احتجاجی مظاہرہ ،کشمیری قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ

0
275

برسلز (بیلجیئم)، 06اگست(اے پی پی): مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و ستم کے خلاف  بھارتی سفارتخانہ کے سامنے یوم استحصال کشمیر کی مناسبت سے بھرپور احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیریوں اور پاکستانیوں نے شریک ہوکر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا اور ان پر بھارتی مظالم کی مذمت کی، مظاہرین نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر کشمیر پر بھارتی قبضے اور کشمیریوں پر بھارتی ظلم و ستم کے خلاف نعرے درج تھے، مظاہرین آزادی کے حق اور بھارتی مظالم کے خلاف مسلسل نعرے بازی کرتے رہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کشمیر کونسل، یورپی یونین علی رضا سید نے کہاکہ بھارت نے اکتوبر1947 ء میں جموں و کشمیر پر ناجائز قبضہ کرکے وہاں مظالم کا سلسلہ شروع کیا تھا جو آج بھی جاری ہے، بھارت نے ایک سال پہلے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے اور مقبوضہ علاقے کو تین حصوں میں تقسیم کرکے وہاں کے لوگوں کی مشکلات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ علی رضا سید نے مقبوضہ کشمیر کی تمام  سیاسی قیادت سمیت کشمیری قیدیوں بشمول یاسین ملک، شبیر شاہ اور آسیہ اندرابی کی فوری رہائی اور مقبوضہ کشمیر میں مظالم میں ملوث بھارتی فوجیوں کے خلاف عالمی عدالت میں مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے دیگر مقررین نےاقوام متحدہ اور یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے بارے میں اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے، خاص طور پر عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم بند کروائے اور کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلوانے میں ان کی مدد کرتے ہوئے آئیر لینڈ کی طرح ریفرنڈم کے انعقاد کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

مظاہرے سے خالد جوشی، مرزا شبیر جرال ، حاجی وسیم اختر، ریاض خان،چوہدری خلیل ، ملک اجمل ، میاں شعیب،  راجہ خالد،  اشفاق قمر، شیخ ماجد، نقاش مشتاق اور برطانیہ سے آئے ہوئے اویس راجپوت نے بھی خطاب کیا۔

مظاہرے کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو اور جے کے ایل ایف نے بلجیم میں موجود  دیگر سماجی و سیاسی تظیموں کے تعاون سے کیا گیا تھا ۔

وی این ایس ، اسلام آباد