ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سویڈن کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر میں  بھارتی فوج کے ظلم کے خلاف احتجاجی ریلی

257

اسٹاک ہوم،02 اگست(اے پی پی):ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سویڈن کے زیر اہتمام اسٹاک ہوم میں معصوم کشمیریوں اور کشمیر پر مسلح بھارتی فوج کے غاصبانہ فوجی قبضے کا ایک سال مکمل ہونے پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا،جس کی قیادت صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سویڈن چوہدری غلام محمد بھلی نے کی۔کورونا وائرس کے بحران اور حکومتی ایس او پیز کا مکمل خیال کرتے ہوئے حکومتی اجازت کے مطابق 50افراد نے ریلی میں شرکت کی۔

احتجاجی ریلی میں شامل افراد نے مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں پر بھارتی فوج کے ظلم وستم کی مذمت کی اور حکومت اور فوج کے خلاف نعرہ بازی کی،بھارتی فوج مردہ باد،کشمیریوں پر ظلم وستم بند کیا جائے ،لے کے رہیں گے آزادی کے نعرے بھی لگائے۔

ریلی سے صدر ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن سویڈن چوہدری غلام محمد بھلی ،صعبت شاہ ،اشرف شاہ ،رضوان بھٹی ،چوہدری شہزاد، مسعود منہاس نے اپنے خطاب میں کہا کہ دنیا بھر کے منصف مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں کو کب انصاف دیں گے ،بھارتی فوج کے ظلم وستم اقوام متحدہ کو نظر نہیں آرہے، جیسا ظلم کشمیریوں پر ہورہا ہے ویسا اگر ایک دن یورپی ملک میں کسی کے ساتھ ہوتا تو اب تک انصاف مل گیا ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے اپیل کرتے ہیں کہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو انصاف دے اور بھارتی فوج کے ظلم وستم کے پنجہ سے مقبوضہ کشمیر کو آزاد کرایا جائے۔

ریلی کے شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے جھنڈے اٹھائے ہوئے تھے اور مودی حکومت کے خلاف بھرپور نعرہ بازی کرتے رہے۔

اے پی پی /ڈیسک/قرۃ العین