بورےوالا، 15 اگست (اے پی پی ): ملک بھر کی طرح تحصیل بورےوالا میں بھی 15 اگست سے 18اگست تک پولیو ڈے منایا جا رہا ہے۔اس حوالے سے پولیو مہم کا افتتاح اسسٹنٹ کمشنر رانا اورنگ زیب اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے ٹی ایچ کیو بورے والا میں بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے پلا کر کیا۔
اس موقع پر ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے پولیو مہم کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل بورے والا میں402 ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں گی،30 ٹیمیں مختلف مراکز صحت پر کام کریں گی جہاں 15 سے 18 اگست تک صبح 9 بجے سے شام چار بجےتک قطرے پلائے جائیں گے۔
کورونا کی وجہ سےکل ٹارگٹ ایک لاکھ 97 ہزار 345 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے جبکہ اس مرتبہ وٹامن اے کے قطرے بھی پلائے جائیں گے ،چھ ماہ سے چھوٹے بچوں کو وٹامن اے نہیں دیا جائے گا۔
اس کے علاوہ پولیو ٹیموں کی نگرانی کے لئے 84 ایریا انچارجز اور 32 یو سی انچارچز مقرر کئے گئے ہیں، انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کو پولیو فری بنانے اور آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کے لئے اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤکے قطرے ضرور پلائیں۔