سکھر: خورشید شاہ کیخلاف نیب ریفرنس کی سماعت 8 ستمبر تک ملتوی 

78

سکھر۔24اگست(اے پی پی): احتساب عدالت سکھر میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب کی زیر حراست میں سیدخورشید شاہ کیخلاف فرد جرم عائد نہیں کی جا سکی،پیر کے روز ریفرنس کی سماعت ہوئی، سماعت کچھ دیر تک جاری رہنے کے بعد 8 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی، سید خورشید احمد شاہ ،ان کی بیگمات، صاحب زادوں، داماد سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23کروڑ روپے سے زائد آمدن کے اثاثے بنانے کے الزام میں نیب کی جانب سے دائر کیے گئے۔

 ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہوئی، سید خورشید احمد شاہ جو امراض قلب کے ہسپتال این آئی سی وی ڈی میں داخل ہیں،انہیں ایمبولینس پر اسپتال سے عدالت لایا گیا، جبکہ ان کے صاحبزادے ایم پی اے فرخ شاہ، داماد صوبائی وزیر سید اویس شاہ ودیگر بھی عدالت میں پیش ہوئے، ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج فرید انور قاضی نے کی عدالت میں خورشید شاہ کے وکلاءاور نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے دلائل دیئے گئے، نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے مزید مہلت مانگی گئی نیب پراسیکیوٹر نے استدعا کی کہ ریفرنس میں مزید کچھ افراد کو شامل کرنا ہے،لہذا مزید مہلت دی جائے جس پر نیب پراسیکیوٹر کی استدعا کے بعدعدالت نے سماعت دوبارہ 8 ستمبر تک کے لیے ملتوی کردی۔