پشاور،06اگست (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی ساجد خان کی زیرصدارت سیفران سٹینڈنگ کمیٹی کا اجلاس
جمعرات کے روز منعقدہ ہوا، جس میں مہمند خاصہ دار فورسز کی پولیس میں انضمام اور انکی کیرئیر کی منصوبہ بندی کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی اور سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ خان نے کمیٹی کو تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ خاصہ دار فورس کا انضمام خاصہ دار فورس ایکٹ 2019 کے تحت کیا گیا اور 992 خاصہ دار جانچ پڑتال کمیٹی کی سفارشات پر پولیس میں ضم کئے گئے ہیں۔
سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ خان نے اجلاس کو بتایا کہ خاصہ دار فورسز کا انضمام قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق کر رہے ہیں جہاں پر کوئی غلطی ہوئی ہے نشاندھی پر اسکو ٹھیک کر رہے ہیں اور کسی کیساتھ کوئی ناانصافی نہیں کرینگے،اسطرح عوضی خاصہ فورس کی پولیس میں انضمام کے لئے کے پی ترامیم آرڈیننس 2020 کی گئی ہے۔
اس موقع پر چیئرمین کمیٹی ساجد خان نے کہا کہ سیفران اسٹینڈنگ کمیٹی مزید بہتری کے لئے اگلے اجلاس میں سفارشات پیش کریگی، ضم شدہ اضلاع کی 72 سالہ محرومیوں کا ازالہ کیا جارہا ہے، ان اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے کہا کہ تیز تر ترقیاتی پروگرام کے تحت ضم اضلاع میں ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جارہا ہے۔
اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز،ائی جی ڈاکٹر ثناءاللہ عباسی،سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
وی این ایس،پشاور