کشمیر بین الاقوامی تنازعہ، بھارتی فوج  انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے: ہیوسٹن میں منعقدہ ویبینار سے مقررین کا خطاب

344

  ہیوسٹن (امریکہ):06 اگست(اے پی پی ):کشمیر تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ، بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔ بین الاقوامی برادری، باالخصوص امریکہ اس سلسلے میں اپنا کردار ادا کرے۔

یہ بات مقررین نے آج ہیوسٹن میں منعقدہ ویبینار  مقبوضہ کشمیرکا بحران”  سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ مقررین نے بین الاقوامی برادری کو اس کی ذمہ داری کا احساس دلاتے ہوئےمطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کو فوراً روکا جاۓ۔

ویبینار کا انعقاد فرینڈز آف کشمیر اور پاکستانی امر یکن کمیونٹی کے زیرا ہتمام کیا گیا کس میں صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سمیت کانگریس کے اراکین اور کشمیری راہنماؤں نے خطاب کیا۔

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے اس موقع پر کہا کہ  بین الاقوامی برادری باالخصوص امریکہ کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی رکوانے اور اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

امریکہ میں متعین پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں بلکہ یہ ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی تنازعہ ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہی ہے۔ 5 اگست کے قریب ایک بار پھر کرفیو نافذ کرنے کا بھارتی اقدام اس بات کا ثبوت ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے اس غیر قانونی اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ کشمیر کےمسئلے کے حل کیلئے امریکی کانگریس میں پائے جانے والی دو طرفہ حمایت خوش آئیند اور حوصلہ افزا ہے۔ ڈاکٹر اسد نے کہا کہ ایک جانب صدر ٹرمپ نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مصالحتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کی ہے تو دوسری طرف جوبائیڈن نے بھی کشمیر میں بگڑتی ہوئی انسانی حقوق کی صورتحال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

ویبینار میں شریک کانگریس ویمن ایڈی برنی جانسن نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل اورمظلوم کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے حصول کیلئے آواز بلند کرتی رہوں گی۔کانگریس ویمن شیلہ جیکسن لی نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد میں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔

 اس موقع پر  کانگریس مین جم بینکس نے پاکستان اور امریکہ کے دو طرفہ تعلقات کی گہرائی کو باور کرایا۔ قونصل جنرل ہیوسٹن ابرار ہاشمی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کرنے والے بھارت کا جارحانہ اور سفاک چہرہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔

ویبینار میں معروف کشمیری راہنما عبد الحمید لون سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔

(وی این ایس،  ہیوسٹن (امریکہ